پیر, ستمبر 7, 2026
اشتہار

راجپال یادیو کی مشکلات میں اضافہ، قرض کی وصولی کے لیے بینک نے جائیدادوں پر نوٹس لگا دیے

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی(7 اگست 2026): بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادیو کی مشکلات میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چیک باؤنس معاملے میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنے والے اداکار کے خلاف سینٹرل بینک آف انڈیا نے قرض کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کر دیا ہے، جس کے تحت بینک نے شاہجہاں پور میں واقع راجپال یادیو کی جائیدادوں پر نیلامی کے نوٹس چسپاں کر دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سینٹرل بینک آف انڈیا کی ممبئی برانچ کے ریکارڈ کے مطابق اداکار پر مجموعی طور پر 16 کروڑ 61 لاکھ 64 ہزار روپے کا قرض بقایا ہے۔ بینک نے بقایا جات کی وصولی کے لیے گروی رکھی گئی جائیدادوں کو اپنے قبضے میں لے کر باقاعدہ نیلامی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

رادھا سے شادی ہوئی تو خالہ نے کہا ’لنگور کو حور‘ مل گئی، راجپال یادیو

جن جائیدادوں کو نیلامی کے لیے نشان زد کیا گیا ہے، ان میں شاہجہاں پور میں واقع ایک جائیداد کے علاوہ گاؤں میں موجود کھیت اور مکان بھی شامل ہیں۔ بینک نے ان جائیدادوں کی مجموعی ریزرو قیمت 3 کروڑ 19 لاکھ 26 ہزار روپے مقرر کی ہے، اور ان کی ای-نیلامی آئندہ ماہ 9 ستمبر 2026 کو کرائی جائے گی۔

واضح رہے کہ راجپال یادیو نے یہ قرض اپنی فلم ’’اتا پتا لاپتا‘‘ کی پروڈکشن کے لیے حاصل کیا تھا، تاہم فلم باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

فلم کی ناجائز کمائی اور کاروباری خسارے کے باعث اداکار وقت پر قرض کی اقساط ادا نہ کر سکے، جس کے نتیجے میں سود بڑھتا گیا اور یہ واجب الادا رقم اب 16 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

قرض کے حصول کے وقت راجپال یادیو نے اپنی اہلیہ رادھا یادیو اور والدہ گوداوری یادیو کی جائیدادوں کو بھی بطور ضمانت گروی رکھا تھا، اور اب بینک اسی ضمانت کی بنیاد پر قانونی کارروائی عمل میں لا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہجہاں پور کے علاوہ ممبئی میں موجود ان کی دیگر جائیدادوں سے بھی بقایا جات کی وصولی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ بھی چیک باؤنس کے ایک معاملے میں راجپال یادیو کو قصوروار قرار دے چکی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں