کراچی (10 فروری 2026): ماہ رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت رمضان پیکیج کی تیاری اور پرائس کنٹرول اقدامات پر اجلاس ہوا جس میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سید حسن نقوی نے کہا کہ مناسب اور رعایتی قیمت پر اشیا کی دستیابی کیلیے رمضان پیکیج تیار کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ رمضان سے قبل تمام اشیا کی قیمتوں کی فہرستیں جاری کر دی جائیں گی۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی خصوصی مہم شروع کی جائے گی، ڈپٹی کمشنرز کارروائی کی نگرانی کریں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو پابند کریں۔
سید حسن نقوی نے حکم دیا کہ ڈی سی اور اے سی ہر روز کارروائی کریں کر کے آگاہ کریں۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی روز مرہ کی اشیا کی قیمتیں اچانک قابو سے باہر ہوگئی ہیں۔ سبزی، پھلوں اور اجناس کی قیمتوں میں حالیہ چند روز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تیل، گھی، بیسن، ٹماٹر، آلو، روٹی، انڈے، کیلا، سیب سمیت دیگر اشیا مہنگی ہوگئی ہیں۔
5 فروری کو شائع کی گئی خبر کے مطابق اسلام آباد میں 4 دن میں ٹماٹر 40 روپے فی کلو مہنگا ہوگیا اور اب 80 کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ آلو کی فی کلو قیمت بھی 40 سے بڑھ کر 50 روپے فی کلو ہوگئی۔
بیسن کی فی کلو قیمت 320 سے بڑھ کر 350 روپے کر دی گئی۔ کوکنگ آئل اور گھی بھی 20 روپے کلو مہنگا ہوگیا۔ درجہ اول گھی اور تیل 580 روپے سے بڑھ کر 600 جب کہ درجہ سوم گھی اور تیل کی قیمت 510 سے بڑھ کر 530 روپے کلو ہوگئی۔
روٹی اور پراٹھے کی قیمت میں بھی اچانک بڑا اضافہ ہوگیا اور روٹی، نان پانچ روپے اضافے کے بعد 25 روپے کی ہوگئی۔ خمیری نان 25 سے بڑھا کر 30 روپے جبکہ کلچہ 35 روپے کا کر دیا گیا۔
تندوری پراٹھا اور روغنی نان کی قیمت 50 سے بڑھا کر 60 روپے کر دی گئی۔ ہوٹلوں میں چائے بھی مہنگی ہوگئی اور اب ایک کپ چائے 60 روپے کے بجائے 70 روپے کی فروخت کی جا رہی ہے۔
چار روز میں دیسی انڈے بھی 30 روپے درجن مہنگے ہوگئے اور اب دیسی براؤن انڈے 470 سے بڑھا کر 500 روپے درجن میں بیچے جا رہے ہیں۔
اسی طرح درجہ سوم سیب 150 سے بڑھ کر 200 روپے کلو اور درجہ سوم کیلا 140 روپے سے بڑھ کر 180 روپے درجن ہو گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


