پشاور : رمضان ریلیف پیکیج کے تحت 12500 روپے کے حصول میں حائل رکاوٹیں ختم ہوگئیں، تاکہ ریلیف کی رقم جلد از جلد ان تک پہنچ سکے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر محکمہ سماجی بہبود نے رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے تحت مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ریڈریسل کمیٹیاں قائم کر دی۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر کسی مستحق فرد کو پیکیج کے حصول میں مسائل کا سامنا ہے، تو وہ فوری طور پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر سے رجوع کر سکتا ہے۔
شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کی غلطی
جن افراد کا ڈیٹا نامکمل ہے، اسسٹنٹ کمشنر آفس تصدیق کے بعد درستگی کے لیے کیس ڈپٹی کمشنر کو ارسال کرے گا۔
فنگر پرنٹ کے مسائل
بزرگ یا معذور افراد جن کے فنگر پرنٹ میچ نہیں ہو رہے، وہ نادرا سے سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) حاصل کر کے اے سی آفس سے رابطہ کریں، تاکہ رقم قریبی رشتہ دار کو منتقل کی جا سکے۔
سرکاری اسکیموں سے متعلق تمام خبریں
مستحق فرد کی وفات
اگر پیکیج کے لیے منتخب فرد وفات پا چکا ہے، تو ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور درخواست جمع کروانے پر رقم نادرا ریکارڈ کے مطابق اہل خانہ کو ادا کی جائے گی۔
بلاک شدہ شناختی کارڈ
واضح کیا گیا ہے کہ بلاک شدہ CNIC پر ادائیگی ممکن نہیں ہوگی اور ایسی رقم واپس ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو منتقل کر دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں مستحقین کو دفاتر کے چکر لگوانے کے بجائے ان کی شکایات کا بروقت اور فوری ازالہ یقینی بنایا جائے تاکہ ریلیف کی رقم جلد از جلد ان تک پہنچ سکے۔


