اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک 2026 کے پیش نظر سڑکوں اور عوامی مقامات پر رمضان دستر خوان کے انتظامات کے لیے سرکاری اجازت نامہ لازمی قرار دے دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ فیصلہ کیا ہے، اسٹریٹ افطار کے انتظامات میں دلچسپی رکھنے والے تمام افراد مکمل تفصیلات کے ساتھ اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ جگہ کی نشاندہی اور سیکیورٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز اجازت نامہ جاری کرنے سے قبل مجوزہ جگہوں کا معائنہ کریں گے۔
حکومت کی جانب سے اعلان کے بعد اب تک وفاقی دارالحکومت سے 18 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کے بغیر شہر کے کسی بھی حصے میں عوامی افطار کے انتظام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد افطار کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا، ہجوم کو کنٹرول کرنا اور عوامی مقامات پر نظم و ضبط قائم رکھنا ہے۔ رمضان کے دوران انفورسمنٹ ٹیمیں شہر کے مختلف حصوں کی نگرانی کریں گی اور بغیر اجازت لگائے گئے اسٹالز یا انتظامات کو ہٹایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے ہونے کا امکان ہے، سپارکو کے مطابق 1447 ہجری کے رمضان کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کا قوی امکان ہے، جبکہ نئے چاند کی پیدائش 17 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہوگی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


