کراچی: رمضان المبارک کے دوران شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے واٹر کارپوریشن کا اہم اقدام سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان بتایا رمضان المبارک کے دوران شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مستحکم اور بہتر بنانے کے لیے واٹر کارپوریشن نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے شہر کی مرکزی پانی کی لائن میں موجود رساؤ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ گلشنِ اقبال بلاک 19 میں واقع فیز ون کی مرکزی 84 انچ قطر کی پانی کی لائن میں رساؤ کی نشاندہی ہوئی تھی، جس کے بعد لائن کی مرمت اور بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ لائن میں موجود تمام لیکیجز کو ختم کرنے کے لیے پیر کے روز دوپہر 12 بجے مرمتی کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، واٹر کارپوریشن کے مطابق پانی کی لائن کی مرمت کا مجموعی دورانیہ 96 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: لائن توڑکر عارضی ڈیم بناکر پانی شہریوں کو مہنگے داموں بیچنے کا انکشاف
اس دوران واٹر کارپوریشن کی خصوصی اور تکنیکی ٹیمیں موقع پر موجود رہیں گی اور مرمتی کام انجام دیں گی، مرمتی کام کی تکمیل کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو فراہم کیے جانے والے پانی کی مقدار عارضی طور پر کم کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 200 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا، تاہم حب، گھارو سمیت دیگر پمپنگ اسٹیشنز سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بلا تعطل جاری رہے گی۔
انھوں نے زید بتایا کہ کراچی کو مجموعی طور پر یومیہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ عارضی کمی کے باوجود شہر کو یومیہ تقریباً 450 ملین گیلن پانی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
مرمتی کام کے باعث لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، گلشن، جناح، چنیسر، صدر، لیاری اور کلفٹن کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر رہنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ مرمت کے دوران لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی عارضی طور پر بند رہیں گے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مرمتی کام کے دوران پانی کا باکفایت اور ذمہ دارانہ استعمال کریں، منصوبے کی تکمیل کے بعد کراچی کے پانی کی ترسیل کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی اور پانی کے رساؤ کے مسئلے کا مستقل حل ممکن ہو سکے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


