The news is by your side.

Advertisement

پاکستان میں‌ رمضان المبارک 1442 ہجری کا چاند نظر آگیا

پشاور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان میں رمضان المبارک 1442 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخیبر آزاد کی زیرصدارت پشاور میں ہوا۔

علاوہ ازیں لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ دفاتر میں ہوئے، جن میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین، علما کرام اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

زونل اور ضلعی کمیٹیوں نے چاند کی رویت کے حوالے سے موصول ہونے والی شہادتوں کو جمع کر کے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجا۔

ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کیلئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، کراچی، حیدرآباد اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں  چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین کی پریس کانفرنس

رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں مطلع بالکل صاف تھا، کئی شہروں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ کل یعنی 14 اپریل بروز بدھ کا پاکستان میں پہلا روزہ ہوگا۔

ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کیلئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔ 

کراچی زونل کمیٹی اجلاس

نمائندہ اے آر وائی نیوز رافع حسین کے مطابق کراچی میں محکمۂ موسمیات کی عمارت میں بھی رویت ہلال کمیٹی کی زونل کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں حافظ محمد سلفی، قاری نظیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال، مولانا صابر حسین جبکہ محکمہ اوقاف سندھ کی جانب سے مفتی منیب الرحمان شریک ہوئے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ڈائریکٹر میٹ سردار سرفراز نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی حافظ محمد سلفی نے کی۔

دوسری جانب سعودی عرب میں پیر کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا تھا، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں