اداکار جان ریمبو نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے پہلے جب گھر بنانے کا الٹی میٹم ملا تو ایک دن میں 28 فلمیں سائن کرلیں۔
اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
ریمبو نے کہا کہ ایک وقت آیا مجھے اچانک گھر بنانا تھا میں اچھے خاصے کردار کررہا تھا لیکن میں نے ساری تقریباً 28 فلمیں سائن کرلیں جن میں سیکنڈ رول، تھرڈ رول بھی جس کا مجھے بعد میں کافی نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے میں وہی فلمیں کررہا تھا جو مجھے سمجھ آتی ہے۔
اداکار نے کہا کہ مجھے ایک وقت دیا گیا کہ اس ٹائم پیریڈ میں گھر بناسکتے ہو تو رشتہ ہوجائے گا ورنہ بھول جاؤ، میں نے منیجر سے کہا کہ جہاں جہاں سے پیسہ ملتا ہے پکڑلو۔
یہ پڑھیں: ریمبو مجھے ’اکشے کمار‘ کی طرح لگتے تھے، صاحبہ
ریمبو نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا کہ میں نے ایک دن میں 12 فلموں کی شوٹنگ اور ایک فلم کی ڈبنگ کی تھی، اس وقت پانچ شفٹوں میں ہر اداکار کام کررہا تھا، ایک دن میں پانچ فلموں کی شوٹنگ روزانہ ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں دو گھنٹے ایک سیٹ پر جاتا پھر شرٹ تبدیل کرکے دوسرے سیٹ پر پہنچ جاتا تھا پھر واپس مین سیٹ پر آجاتا تھا۔
واضح رہے کہ اداکار ریمبو نے ساتھی اداکارہ صاحبہ سے پسند کی شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


