کراچی:سابق ٹیسٹ کرکٹر و معروف کمنٹیٹر رمیز راجا نے میچ فکسنگ پر تین سال سزا ہونےپر عمر اکمل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
میچ فکسنگ کے جرم میں سزا ہونے پر رمیز راجا مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر برس پڑے، اپنے ردعمل میں رمیز راجا نے کہا کہ اب باضابطہ طور پر عمر اکمل بے وقوفوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کی کیسی بربادی ہے، اب تین سالہ پابندی کے بعد عمر اکمل بھی بے وقوف لوگوں میں شمار ہونے لگے ہیں۔
رمیز راجا نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میچ فکسنگ کے خلاف قانون سازی کرے، پابندیوں سےبڑھ کر کچھ کرنا ہوگا، سلاخوں کے پیچھے دھکیلنا ہوگا ۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل نے مڈل آرڈر بیٹسمین پر ہر قسم کی کرکٹ کے دروازے بند کردیے۔
چیئرمین ڈسپلنری پینل کے فیصلے کے مطابق کرکٹر عمر اکمل پر آئندہ تین برس تک ہر طرح کی کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔
مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر الزام تھا کہ انہوں نے میچ فکسنگ کی پیشکش اور روابط کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن کوڈ کی دو بار خلاف ورزی پر عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا۔