The news is by your side.

Advertisement

’نوجوان کھلاڑی دولت کو عزت پر فوقیت نہ دیں‘

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ اور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے محمد عامر کے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے اعلان کو افسوسناک قرار دے دیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا کہ ’محمد عامرکی ریٹائرمنٹ کی خبر سُن کر افسوس ہوا، سپر اسٹار کا اس طرح سے جانا بہت افسوس کی بات ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’محمد عامر کا سبکدوشی کا فیصلہ بہت ساروں کے لیے سبق ہے، نوجوان اپنی صلاحیتوں کا احترام کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں، دولت کو عزت پر فوقیت نہ دیں‘۔

رمیز راجہ نے نوجوانوں کو یاد دہانی کرواتے ہوئے لکھا کہ آپ کو اپنے مضبوط کردار کی وجہ سے تو عزت مل سکتی ہے مگر دنیاوی چمک دمک سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں:محمد عامر کے کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر آفریدی بھی بول پڑے

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے لئے مزید کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا، عامر کی پی سی بی کو تصدیق

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر کہا کہ اُن کی مینجمنٹ سے شکایتیں پرانی ہیں اور بدقسمتی سے محمد عامر کی کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عامر اگر پرفارمنس دیتے تو انہیں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا تھا، بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا، عامر نے غلطی کی اور سزا کا سامنا بھی کیا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد عامر نے آج انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مینجمنٹ مجھے کھلانا نہیں چاہتی، اسی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہا ہوں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے فیصلے کو ذاتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’آئندہ کسی بھی میچ میں محمد عامر کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا‘۔

Comments

یہ بھی پڑھیں