رمیز راجہ نے کلب کرکٹ سیزن کا اختتام شاندار قرار دے دیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کلب کرکٹ سیزن کے اختتام کو شاندار قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ایک زبردست آغاز ہوا، اگلا سیزن بڑا اور بہتر ہوگا، سو سے زائد کلب پچز تیار کریں گے۔
پی سی بی نے گزشتہ سیزن کے اعدادو شمار بھی جاری کردیے جس کے مطابق 3822 کلبز کے درمیان 7009 میچ کھیلے گئے، گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لیے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو رہنمائی اور مدد فراہم کی گئی۔
This was a great start..Next season will be bigger and better inshallah with over 100 club pitches relaid and redone. https://t.co/jgGcnHwQtc
— Ramiz Raja (@iramizraja) April 25, 2022
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خبریں آئی تھیں کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے دو نام دیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کے لئے نجم سیٹھی کا نام بھی شامل، گورننگ بورڈ دونوں ناموں میں سے ایک نام تجویز کر ے گا۔
اس سے قبل رمیز راجہ نے بورڈ کے ڈائریکٹرز اور دیگر اسٹاف سے ملاقات کی تھی۔
چیئرمین پی سی بی نے 30 کے قریب عہدیداران کو بلایا اور یہ ملاقات تقریباً 15 منٹ جاری رہی تھی۔
رمیز راجہ نے عہدیداران کو کام پر فوکس کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب غیر یقینی کی صورتحال ختم ہو جانی چاہیے کیونکہ مجھے کام جاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔