شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ حرا عمر (رمزا) کی ’جیسے آپ کی مرضی‘ میں شادی کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔
واضح رہے کہ جیسے آپ کی مرضی میں حرا عمر، درفشاں سلیم کی بہن ’رمزا‘ کا کردار نبھا رہی ہیں، دیگر کاسٹ میں میکال ذوالفقار، عتیقہ اوڈھو، جاوید شیخ شامل ہیں۔
جیسے آپ کی مرضی کی ہدایت کاری کے فرائض صبا حمید نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی نائلہ جعفری نے لکھی ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر حرا عمر نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’رمزا کی شادی۔‘ اداکارہ نے پوسٹ میں ’جیسے آپ کی مرضی‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ رمزا کی شادی اپنی یونیورسٹی دوست سے ہوئی ہے۔
رمزا نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حرا عمر نے ڈرامے میں اپنی منگنی کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں جو وائرل ہوگئی تھیں۔
انہوں نے لکھا تھا کہ آپ لوگوں نے اس ڈرامے کو ہٹ کردیا ہے، میں تمام محبت اور تنقید کی تعریف کرتی ہوں، یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا کہ آپ میں سے کتنے لوگ اس کہانی سے تعلق رکھتے ہیں پھر بھی معاشرے میں جذباتی زیادتی کو پوری طرح سے تسلیم نہیں کیا جاتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے نے مجھے رشتوں میں بدسلوکی کے خلاف کھڑے ہونے کی اجازت دی اور میں ایسے گھرانوں میں پھنسے لوگوں کے لیے آواز بن کر خوش ہوں۔