تہران : 21 اپریل سے تمام تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا، حالات کی بہتری تک اسکولز دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کی وزارتِ تعلیم نے ملک بھر میں تمام اسکولوں کو بند کر کے تعلیمی عمل کو آن لائن (ورچوئل) نظام پر منتقل کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی وزارتِ تعلیم کے ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے 21 اپریل سے ورچوئل لرننگ (آن لائن تعلیم) پر منتقل ہو جائیں گے۔
اس فیصلے کا اطلاق تمام تعلیمی سطحوں، درجات اور کلاسز پر ہوگا، یعنی پرائمری سے لے کر ہائر سیکنڈری تک تمام کلاسز آن لائن لی جائیں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ورچوئل تعلیم کا یہ نظام تا حکمِ ثانی جاری رہے گا اور حالات کی بہتری تک اسکولز دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، حکومت کا مقصد تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنا ہے تاکہ طلبہ کا وقت ضائع نہ ہو۔
ایرانی حکام نے تمام اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پورٹلز اور آن لائن ذرائع سے اپنی کلاسز کا آغاز کریں تاکہ تدریسی عمل میں کوئی تعطل نہ آئے۔


