ملتان: پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا ہے کہ میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے البتہ ہماری تحریک کا پہلا مطالبہ رانا ثنا اللہ کا استعفیٰ ہے جس پر آخری وقت تک قائم رہیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشائخ کی نمائندگی کرنے والے پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے البتہ ہم ختم نبوت ﷺ کی تحریک کا حصہ ضرور ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میرے نام سے منسوب خبر کسی کو چلانے کی اجازت نہیں دوں گا کیونکہ دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں خرید سکتی، رانا ثنا اللہ کا استعفیٰ ہماری تحریک کا پہلا مطالبہ ہے اور ہم اس پر آخری وقت تک قائم رہیں گے۔
مزید پڑھیں: رانا ثنا 31 دسمبر تک مستعفی نہ ہوئے تو شہباز شریف استعفیٰ دیں، پیر سیالوی کا الٹی میٹم
پیر حمید الدین سیالوی کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی نہیں کرتا اور نہ ہی میں سیاسی آدمی ہوں کسی دھرنے یا کسی بھی جماعت کے ساتھ شریک نہیں ہوں، حساس معاملے پر دیگر جماعتیں بھی ہمارا ساتھ دیں۔
واضح رہے کہ علماء اور مشائخ نے رانا ثنا اللہ سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کررکھا ہے، اس ضمن میں اب تک دو بار سنی اتحاد کونسل کی جانب سے سیرت النبی ﷺ کانفرنسز کا انعقاد کیا جاچکا ہے۔
گوجرانولہ میں 24 دسمبر کو ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر حمید الدین سیالوی نے مطالبہ کیا تھا کہ 31 دسمبر تک اگر رانا ثنا اللہ مستعفیٰ نہ ہوں تو شہباز شریف استعفیٰ دیں۔