لاہور : وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پوری قوم مطالبہ کرتی ہے کہ عمران خان اپنے الفاظ واپس لیں اور معافی مانگیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے پی ایس ایل فائنل میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہنے پر ن لیگی رہنما بھی میدان میں آگئے۔
وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا بیان قابل افسوس ہے، پوری قوم عمران خان کی صورت میں ضدی بچے کاچہرہ دیکھ چکی ہے، پی ٹی آئی میں موجود باشعور لوگ عمران کے بیان کی مذمت کریں، پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑی اے پلس کیٹیگری کے تھے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کو صرف اس بات سے غرض ہے کہ وہ اقتدارمیں آجائیں، عمران خان اس ملک اور قوم کا لیڈر نہیں ہوسکتا ہے، 5مارچ ایک طرف پوری قوم تھی اوردوسری جانب دہشتگرد تھے ، یہ دہشتگردوں کی ہار اور پاکستان کی جیت کادن تھا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ سراج الحق صاحب کو چاہئے اپنی گفتگو میں شائستگی لائیں، سراج الحق ایک طرف اتحادی اور دوسری طرف مخالف ہوتے ہیں۔
اس سے قبل وفاقی وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ پاکستان کیخلاف بات کرتے ہیں،عمران خان نے آئی پی ایل شرکت کی پر پی ایس ایل دیکھنے نہ آسکے۔
مزید پڑھیں : عمران خان نے پاکستان آنے والےغیرملکی کھلاڑیوں کوپھٹیچر کہہ دیا
خیال رہے کہ عمران خان نے آج اپنے بیان میں کہا تھا کہ پی ایس ایل میں شامل غیر ملکی کھلاڑی پھٹیچر تھے ان کے نام تک نہیں جانتا۔