لاہور : صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان چار سال سے نفرت کی فصل بو رہے ہیں جسے وہ 2018 کے الیکشن میں کاٹیں گے۔
وہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کر رہے تھے انہوں نے عمران خان کو پاکستان کا ڈونلڈ ٹرمپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ اپنے متنازعہ بیانات اور نفرت آمیز رویئے کی وجہ سے خود مشکل میں پھنس جائیں گے۔
صوبائی وزیر قانون نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کو بیماری کی طرح لگ گئے ہیں جو مسلسل چارسال سے گالیاں دے رہے ہیں جس سے کوئی بھی جماعت یا رہنما محفوظ نہیں۔
امریکا اورسعودی عرب کے درمیان قربت اور امریکی صدر کی اسلامی کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی اپنی خارجہ پالیسی ہے اور امریکا اپنی خارجہ پالیسی رکھتا ہے جسے دونوں ممالک اپنے مفادات کے حصول اور اہداف کو مد نظر رکھتے ہوئے بناتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے وابستگی گہری اور جذباتی بھی ہے اور ہمیشہ سے پاکستان کے خوشگوار تعلقات رہے ہیں جب کہ ایران ہمسائیہ ملک ہے جس کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور ان دونوں ممالک نے پاکستان کا ہرمشکل میں ساتھ دیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے مابین غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو ختم کرنے کی پوری کوشش کرے گا کیوں کہ مسلم امہ کا اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔