وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں بجلی تین روپے باقی ملک میں 48 روپے فی یونٹ ہے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر ایکشن کمیٹی کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں نہ ہی وہ الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ مہاجرین کی سیٹیں ختم کریں اور حلف نامے سے الحاق پاکستان کا ذکر نکالیں، ایکشن کمیٹی نے تشدد کا راستہ اختیار کیا ہم چاہتے تھے معاملہ طے ہوجائے اور تشدد نہ ہو۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عید کے تیسرے دن ایکشن کمیٹی سے دوبارہ مذاکرات ہوئے جس سے پہلے ان کے 37 مطالبات پر مکمل حساب دیا گیا، ان سے کمیٹی کی بات کی تو کہنے لگے ہم کمیٹی کو نہیں مانتے۔
سینیٹر نے کہا کہ ہم چاہتے تھے ان کے ساتھ معاملہ حل ہوجائے اور تشدد نہ ہو، تجویز دی کہ الیکشن کے ساتھ ریفرنڈم کروالیتے ہیں لوگ فیصلہ کرلیں لیکن اس تجویز کو بھی ماننے سے انکار کردیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز دی گئی تو اس کا بھی کوئی جواب نہیں ملا، ایکشن کمیٹی نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر 9 جون کو مظفرآباد آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا کسی صورت نہیں ہوسکتا کہ مہاجروں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا جائے۔


