فیصل آباد : اسلام آباد میں دھرنے والوں کیخلاف جاری آپریشن کے رد عمل میں مظاہرین نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے گھر کا گھیراؤ کرلیا، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق فیض آباد میں جاری آپریشن کے خلاف احتجاج کرنے والے قابو سے باہر ہوگئے، چوہدری نثار اور احسن اقبال کے گھروں کے بعد فیصل آباد میں وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کی رہائش گاہ بھی مظاہرین کی زد میں آگئی۔
فیصل آباد میں تحریک لبیک کی ریلی کے شرکاء نے رانا ثناءاللہ کے گھر پر دھاوا بول دیا، اس سے قبل پولیس نے مشتعل مظاہرین کو سمندری روڈ پر ہی روک لیا تھا جس پرمظاہرین نے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی اور آگے بڑھنے کی کوشش کی۔
جواب میں پولیس نے آنسو گیس کی شدید شیلنگ شروع کردی، جس کے بعد مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، سمندری کاعلاقہ میدان جنگ بن گیا۔
پولیس کی شیلنگ کے باعث متعدد مظاہرین کی حالت غیرہوگئی، شدید شیلنگ نے سمندری روڈ کے قریب رہائشیوں کو بھی اذیت سے دوچار کردیا۔
مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں پولیس کو پسپائی اختیار کرنا پڑی، جس کے بعد مظاہرین نے رانا ثناء اللہ کے گھر کا گھیراؤ کرلیا۔
مزید پڑھیں: فیض آباد آپریشن: 5 افراد جاں بحق‘188 زخمی
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔