اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے میں غفلت برتی ، آج ایک ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف تگنی کا ناچ نچا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پولیس لائن میں شہداء کے خاندانوں سے خطاب میں کہا کہ ملک کے امن کےلیے جان قربان والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ملک میں امن و سلامتی ہمارے شہدا کی مرہون منت ہے، شہداکےاہلخانہ کی ہرطرح سےدیکھ بھال کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج ہم یہاں اپنے شہدا کو یاد کرنے کے لیے جمع ہوئےہیں ، جوقومیں اپنےشہداکویادنہیں کرتیں وہ زندہ نہیں رہ سکتیں، دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار پاکستانیوں نے جانیں قربان کیں ،12 ہزار سے زائد سیکیورٹی فورسز اہلکاروں نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کرے گا تو ملک میں افرا تفری پھیلے گی، ایک ارب ڈالر کےلیے آئی ایم ایف تگنی کا ناچ نچا رہا ہے، آئی ایم ایف معاہدے کو پچھلے3 سال میں اچھے طریقے سے ڈیل کیاجاسکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی درست فیصلے کیےجاتے تو معاشی صورتحال ایسی نہ ہوتی، سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے میں غفلت برتی، ماضی میں درست فیصلے کیے جاتے تو معاشی صورتحال ایسی نہ ہوتی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ماضی کی حکومت کی ٖغلطیاں آج ہم بھگت رہے ہیں، مہنگائی اور تیل کی قیمتوں سے پیدا صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کررہے ہیں، سیاسی اور معاشی صورتحال کا حل اتفاق رائے کے بغیر نہیں نکل سکتا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھی ہیں، صرف ملک کی ایک جماعت فساد پر بضد ہے، ملک میں ایک کےسواتمام سیاسی قوتیں حل نکالنے کو تیار ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو پتا ہے اس وقت معیشت کی کیا صورتحال ہے، جب تک سب ساتھ نہیں بیٹھیں گے آگے نہیں بڑھ سکتے، صرف ایک شخص ہی احتجاج اورجلسےجلوس پرآمادہے، جب تک سب ساتھ نہیں بیٹھیں گے آگے نہیں بڑھ سکتے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک کو نگراں سیٹ اپ کے حوالے کرتے تو ڈیفالٹ کی طرف جاتا، موجودہ صورتحال میں قوم بہترفیصلہ کرےگی، مجھےامید ہےقوم ان کاساتھ دے گی جو ملک کو مشکل سے نکال رہے ہیں۔