تازہ ترین

راناثنا اللہ نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کی بیرون ملک روانگی کی خبریں سچ ثابت ہونے لگی ہیں، خود رانا ثنااللہ نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے اچانک آمد کے ساتھ سیاسی حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں تھی کہ مریم نواز بھی بیرون ملک جانے والی ہیں جبکہ خود مریم نواز کئی بار اس بات کا برملا اظہار کرچکی ہیں کہ وہ بیرون ملک نہیں جائیں گی اور حکومت کا بھرپور مقابلہ کرینگی۔

تاہم آج میڈیا سے گفتگو میں راناثنااللہ نے مریم نواز کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا، لیگی رہنما نے موقف اپنایا کہ لوگ عزیزوں سے ملنےجاتے ہیں،مریم نواز کو عزیزوں سے ملنےیا دوسرے غرض سےجاناپڑا تو جائیں گی، ساری دنیا جاتی ہے، لوگ جاتے ہیں اور واپس آجاتےہیں، ایسا نہیں ہےکہ ان کا جانامنع ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز سے بہتر اس ٹولے کا علاج کوئی نہیں جانتا، اس وقت مسلط ٹولے سےنجات کی ضرورت تک مریم جدوجہدمیں شامل رہیں گی، آپ لوگ فکر نہ کریں مریم آپ کےعلاج کیلئے یہاں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر گذشتہ روز ڈاکٹر عدنان لندن سے لاہور پہنچے تھے، ڈاکٹر عدنان کی ہدایت پر مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے ہیں، میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ڈاکٹر عدنان لیگی قائد کو مریم نواز کی طبیعت سے آگاہ کرینگے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مریم نواز کو گلے میں انفیکشن ہوا تھا جس پر انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا، جس کی رپورٹ منفی آئی تھی، لیگی نائب صدر نے علالت کے باعث سیاسی سرگرمیاں معطل کررکھی ہیں۔

Comments

- Advertisement -