منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل کے لیے تیار نہیں، رانا ثناء اللہ کا تہلکہ خیز انٹرویو

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل کے لیے اب تک دو بار سنجیدہ کوششیں کی جا چکی ہیں لیکن وہ کسی صورت راستہ نکالنے پر تیار نہیں ہیں۔

اے آر وائی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ ڈیل کی پہلی سنجیدہ کوشش محسن نقوی اور علی امین گنڈا پور نے 26 نومبر کے احتجاج سے قبل اور بعد میں کی، جبکہ دوسری کوشش بیرون ملک سے آئے چند افراد نے کی جن کا بانی پی ٹی آئی سے قریبی تعلق تھا۔

رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ ایک موقع پر بانی پی ٹی آئی ڈیل پر راضی ہو گئے تھے لیکن پھر اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سیاست راستہ نکالنے کا نام ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کا رویہ ہٹ دھرمی پر مبنی ہے جسے وہ "ڈٹ کر کھڑے ہونا کہتے ہیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی شرائط کسی کے لیے بھی قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ وہ کہتے ہیں کہ "آپ میری جگہ آ جائیں اور میں آپ کی جگہ آ جاتا ہوں”، اب یہ توکوئی بھی قبول نہیں کرےگاکہ کوئی اس کی جگہ لےلے۔

مشیر سیاسی امور نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کو یہ احساس نہیں ہوگا کہ ملک میں کوئی انقلاب نہیں آ رہا، تب تک تیسری کوشش کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیل کی تمام کوششیں حکومت کے علم میں تھیں کیونکہ حکومت کے بغیر ایسا ہونا ممکن نہیں، بانی کو وہی کہتے ہیں جو وہ ہمیں کہتے تھے، سسٹم چلنے دیں اس میں سے راستہ نکالیں۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ملاقاتیں یا علاج نہیں بلکہ وہ سیاسی ایشو بنا کر ملک میں افراتفری چاہتے ہیں، قومی حکومت کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہو رہی، یہ محض تحریک تحفظِ آئین کا مطالبہ ہے۔

 عسکری قیادت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قیادت کا کوئی ذاتی سیاسی ایجنڈا نہیں، وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان کے معاملات میں مداخلت نہ کی جائے، انہیں اس سے کوئی غرض نہیں اگر سیاستدان بیٹھ کر معاملات طے کرلیں۔

+ posts

نعیم اشرف بٹ اے آر وائی نیوز کے
تحقیقاتی صحافت کے ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ہیں

اہم ترین

نعیم اشرف بٹ
نعیم اشرف بٹ
نعیم اشرف بٹ اے آر وائی نیوز کے تحقیقاتی صحافت کے ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ہیں

مزید خبریں