The news is by your side.

Advertisement

”چینی شہریوں کے قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا“

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش بم دھماکے کے بعد چین کے قونصل جنرل سے ملاقات کی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخہ رانا ثنا اللہ نے چین قونصل جنرل کو وزیر اعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر، مرتضیٰ وہاب، ایڈیشنل آئی جی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس دوران وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حالیہ کراچی یونیورسٹی کے واقعے پر بہت افسوس ہوا، پوری قوم چینی باشندوں پر ہونے والے حملے پر رنجیدہ ہے، حکومت اور تمام ادارے دہشت گردوں تک پہنچنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چینی شہریوں کے قاتلوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، حالیہ واقعے سے پاکستان اور چین کی دوستی میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ جامعہ کراچی میں وین پر خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق خودکش حملے سہولت کاری سے متعلق اطلاعات پر سکیورٹی اداروں نے گلستان جوہر، موسمیات اور اسکیم تینتیس میں چھاپے مارے، اس دوران مشتبہ کار سوار کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون حملہ آور رکشے کی مدد سے جب کراچی یونیورسٹی میں داخل ہوئی تو عین اسی وقت دو مشتبہ گاڑیوں کو انٹری پوائنٹ پر دیکھا گیا تھا، جامعہ میں داخلے پر ایک کار بغیر نمبر پلیٹ جبکہ دوسری کا نمبر موجود تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جس کار پر نمبر پلیٹ موجود تھی اس کے مالک کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔

ادھر سندھ ڈی این اے فرانزک لیبارٹری کو جامعہ کراچی خودکش دھماکے میں مارے گئے چاروں افراد کے ڈی این اے نمونے موصول ہوگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے میں ہلاک چاروں افراد کی لاشیں نا قابل شناخت ہیں ، شناخت میں تاخیر سےاہلخانہ کے ڈی این اے سیمپل کا دستیاب نہ ہونا ہے۔

گذشتہ روز جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکے کے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا تھا ، جس کے نتیجے میں تین چینی اساتذہ سمیت چارافراد جان بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں