اسلام آباد (19 اگست 2026): وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی اور اسٹینڈنگ ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی و عسکری کو پوری طرح احساس ہے کہ ملک قوم کی بہتری کیلیے مل کر کام کرنا ہے، اس خلوص نیت کی وجہ سے ہی پاکستان کو عسکری اور ڈپلومیٹک محاذ پر بھی عزت ملی ہے۔
عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فیصلت سے یہ بات غلط ثابت ہوگئی کہ 26 اور 27ویں ترمیم کے بعد عدلیہ آزاد نہیں ہے، یہ بیانیہ پچھلے تین سے چار ماہ میں جس طرح اٹھایا گیا وہ زمین پر دھرام سے گر گیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کو میں ویلکم کرتا ہوں حکومت بالکل عمل بھی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لگتا ہے نواز شریف کے خلاف پھر سازش شروع ہوگئی، سینیٹر ناصر بٹ
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں ٹیکنیکل چیز پائی گئی کیونکہ دوسرے قیدی بھی پرائیوٹ اسپتال کا کہیں گے، پی ٹی آئی لیڈرشپ نے کل خود کہا ہے کہ یہ خوش آئند اور آزاد عدلیہ کا فیصلہ ہے، میں سمجھتا ہوں کہ سپریم کورٹ نے میرٹ پر دیکھا کہ عمران خان کا ان کی مرضی کے اسپتال میں علاج ہو۔
وزیر اعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ عمران خان کا علاج جیل سے باہر ہونا ہے تو ہونے دیں باقی معاملہ بھی پتا چل جائے گا، سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی سیاسی عمل کا نتیجہ نہیں، معزز بینچ کے سامنے جو رپورٹس پیش ہوئیں انہوں نے میرٹ پر فیصلہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت عملدرآمد کرے گی صرف ٹیکنیکل معاملے پر ریونیو پٹیشن ڈالی گئی ہے، پی ٹی آئی کو چند دن پرامید رہنے دیں یہ کوئی بات نہیں ہے۔


