پیر, جون 8, 2026
اشتہار

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان کس ایشوز پر بات ہوئی؟ رانا ثنا اللہ نے بتادیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (3 فروری 2026): وزیراعظم شہباز شریف اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پہلی باضابطہ ملاقات ہوئی ہے۔

مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے اے آر وائی کے پروگرام "باخبر سویرا” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ملاقات مثبت رہی، جس میں دونوں کے درمیان قومی ایشوز پر بات ہوئی جبکہ سیاسی معاملات پر گفتگو نہیں کی گئی۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ کے مطابق دہشت گرد بھارت اور افغانستان کے آلہ کار ہیں، سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں کر رہی ہیں جبکہ سہیل آفریدی نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں آپریشن کے حوالے سے باور کرایا گیا کہ یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے اور انہیں کسی صورت راستہ نہیں ملنا چاہیے۔ ان معاملات پر وزیراعلیٰ کے پی کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی نے متعدد اقدامات سے آگاہ کیا، سی ٹی ڈی کی فنڈنگ میں اضافے پر بھی بات ہوئی ہے اور وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کریں گے۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان میں کچھ عناصر پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کرتے، دہشت گرد بھارت اور افغانستان کے آلہ کار ہیں جو کے پی اور بلوچستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے دہشت گردی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ان دہشت گردوں کو بھارتی ایجنٹ ہونے کے ناطے جہنم واصل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو شکست دی ہے، تقریباً 200 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں۔ افغانستان کے ساتھ مذاکرات میں دوست ممالک بھی شامل ہیں اور وہاں تمام معاملات سامنے رکھے گئے ہیں۔ افغانستان میں بھارت فنڈنگ اور ٹریننگ دے رہا ہے، پاکستان یہ معاملات افغان حکام کے سامنے اٹھائے گا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں