لاہور: سابق وزیر قانون پنجاب اور منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار ایم این اے رانا ثنا اللہ نے جیل میں تنہائی دورکرنےکیلئے بھٹو کی پھانسی و بےنظیر قتل کی کتابیں پڑھناشروع کردیں۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف کے ہاتھوں منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار رکن اسمبلی رانا ثنا اللہ نے تنہائی دور کرنے کیلئے جیل میں کتابیں منگوالیں اور اسلامک، منظوروٹوکی آپ بیتی کا مطالعہ شروع کردیا۔
راناثنااللہ نے جیل میں بھٹو کی پھانسی و بے نظیر کا قتل کی کتابیں پڑھنا شروع کردیں ہیں۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ راناثنااللہ کوبیرک نمبر6میں منتقل کیاگیاہے اور جیل حوالاتی نمبر10- 464دیاگیا ہے، وزارت داخلہ کی ہدایت پر انھیں دوسری بیرک منتقل کیاجاسکتاہے۔
گذشتہ روز گرفتار ایم این اے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد پہلی تصویر منظر عام پر آئی تھی ، جس میں رانا ثنا کیمپ جیل لاہور میں سلاخوں کے پیچھے کھڑے تھے۔
مزید پڑھیں : رانا ثنا کی گرفتاری کے بعد پہلی تصویر سامنے آ گئی
یاد رہے انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سےلاہورجاتےہوئےموٹر وے سے حراست میں لیا تھا ، راناثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کےخلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا ، ایف آئی آر میں کہا گیا رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ، برآمد منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ، روکنے پر راناثنااللہ نے اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا رانا ثنا اللہ نےاختیارات کاناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش کی۔
بعد ازاں رانا ثنا کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے رانا ثنا منشیات کیس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔