کراچی : رینجرز نے گلشن اقبال میں چھاپہ مار کر سائبر کرائم میں ملوث گروہ کے 4 ارکان کو گرفتار کرلیا، گروہ کے ارکان ہیکرز کی مدد سے اے ٹی ایم اور ڈیبٹ کارڈز سے خریداری کرتے تھے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق بڑے پیمانے پر اے ٹی ایم فراڈ،مختلف بینک اکاؤنٹس،جعلی کریڈٹ کارڈ بنا کر خریداری کرنے اور کیش نکلوانے والے گروہ کو گلشن اقبال سے گرفتار کر لیا گیا ہے،ملزمان سے ایک 9 ایم ایم پستول،1 میگنیٹک اسٹرپ مشین ، 120 میگنیٹک اسٹرپس برآمد ہوئی ہیں۔
گروہ کے 4 ارکان ایک نیٹ ورک سے ہیکرزکی مدد سے چوری کی وارداتیں کرتے تھے جو لوگوں کے جعلی اے ٹی ایم کارڈز، ڈیبٹ کارڈز اور اکاؤنٹس بنا کر اُن کے اکاؤنٹس سے رقم نکلواکر اور بھاری خریداری کر کے اصل صارف کو رقم سے محروم کردیتے تھے۔
رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ گروہ دنیا بھر کے بینکوں سے غیر قانونی رقم کی ترسیل میں بھی ملوث ہے جس کے لیے ملزمان کو کمیشن کی مد میں بھاری رقم ملتی تھی۔
اعلامیہ کے مطابق اپنے مقصد کے لیے ملزمان میگنیٹک اسٹرپ کا استعمال کرتے تھے،جعلی اسٹرپ کارڈزکی مددسے رقم کی خوردبرد کا کام کیا جاتا تھا،ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔