کراچی : رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم جماعت کے دہشت گرد سمیت چار ملزمان کو گرفتارکرلیا جبکہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف رینجرز کی کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مدینہ کالونی سے ملزم عبدالغفور کو گرفتارکیا گیا، گرفتار ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ملزم دہشت گردی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
اس کے علاوہ مدینہ کالونی سے ہی ملزم محمد صابرعرف پنجابی کو بھی گرفتارکیا گیا، مذکورہ ملزم اسٹریٹ کرائم سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق زمان ٹاؤن سے دو ملزمان محمد ہاشم اورظفر ذکی کو گرفتارکرلیا گیا، ملزمان زائد المیعاد ادویات اور منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں، ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اورمنشیات بر آمد ہوئی ہے۔
رینجرز نے قانونی چارہ جوئی کیلئے دو ملزمان کو پولیس اور دو کو اینٹی نارکوٹیکس فورس کے حوالے کیا ہے۔
دوسری جانب رینجرز نے کورنگی میں ڈکیتی کی کوششش ناکام بنادی، کورنگی میں واقع انڈسٹریل ایریا میں ڈکیتی کی اطلاع ملنے پر رینجرز کی ٹیم پہنچی تو ملزمان شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے۔
ملزمان نے رینجرز کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔