کراچی: رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماء وسیم اختر کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا.
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنماء وسیم اختر کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں پاکستان رینجرز نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر نے 29 ستمبر کو ایک ٹی وی شو میں رینجرز پر قربانی کی کھالیں چوری کرنے اور چھیننے کا الزام عائد کیا تھا، وسیم اختر کے بیان سے رینجرز کی ساکھ متاثر ہوئی ہے.
پاکستان رینجرز نے وسیم اختر کے خلاف ہرجانے کی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ وسیم اختر کا الزام بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے، وسیم اختر اپنا الزام ثابت کریں ورنہ انہیں رینجرز کو ہرجانے کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کو 28 دسمبر کو طلب کرلیا ہے۔