کراچی : پاکستان رینجرزسندھ نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے5ملزمان کو گرفتار کرلیا، حب پولیس نے بھی ایک اسٹریٹ کریمنل سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرکے تین مسروقہ موٹر سائیکلیں ، نقدی موبائل فون اور راڈو گھڑی برآمد کرلی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرزسندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے5ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔ اس حوالے سے رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ کلاکوٹ اور کلری کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان عبدالباقر عرف رحمان اور عبید عرف شہزاد کو گرفتار کرلیا ۔
ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار(زاہد لاڈلا گروپ) سے ہے۔ ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ایک اور کارروائی میں فیروز آباد اور ملیر سٹی کے علاقوں میں رینجرز نے تین ملزمان محمد یونس عرف ٹڈا، محمد نعیم اور فاروق عرف لاہوتی کو گرفتار کیا جو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ،ایمونیشن،مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمدکی گئی ہے اور تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب حب پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے ایک اسٹریٹ کریمنل سمیت چار ملزمان کو حراست ممیں لے لیا، گرفتار ملزمان سے چوری کی گئی تین موٹر سائیکلیں ، نقد رقم ، موبائل فون اور راڈو گھڑی برآمد کی گئی ہے، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔