کراچی: رینجرز نے ناظم آباد کے ایک مکان میں چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں دفن شدہ اسلحے کا ذخیرہ برآمد کر کے قبضے میں لے لیا۔
Rangers unearth huge cache of arms in Nazimabad by arynews
رینجرز کے اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کراچی کے علاقے میں ناظم آباد میں کارروائی کی گئی، دوران کارروائی زیر زمین اسلحے کی بڑی تعداد برآمد ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’زیر زمین دفن اسلحہ 27 باکس برآمد ہوئے جن میں اسلحے اور گولیوں کی بڑی تعداد میں موجود تھی، برآمد کیے گئے اسلحے میں روسی ساختہ 7.62 ایم ایم پستول اور 12 ہزار 600 گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔
پڑھیں : کراچی : رینجرز نے سرجانی ٹاؤن سے زیر زمین چھپایا اسلحہ برآمد کر لیا
ترجمان رینجرز نے دعویٰ کیاہے کہ مبینہ طور پر برآمد کیا جانے والا اسلحہ شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا۔
دوسری جانب رینجرز کی جانب سے جاری ایک اور اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’’ہیلپ لائن پر شہری کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد رینجرز نے لیاقت آباد میں کارروائی کرتے ہوئے فہیم نامی بھتہ خور کو گرفتار کرلیاہے‘‘۔
رینجرز اعلامیے میں کہا گیا کہ ’’ملزم کو تمام ثبوتوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے اور مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے، رینجرز نے شہری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی بھی کروائی ہے کہ ’’اُس کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا‘‘۔
یاد رہے اس سے قبل بھی رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، لانڈھی، ملیر، لیاقت آباد، سرجانی، ناظم آباد کے علاوہ پاپوش نگر قبرستان، میوہ شاہ اور سخی حسن سمیت دیگر قبرستانوں سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر مدفون اسلحہ برآمد کیا تھا۔