کراچی : سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر رانو ریچھ کو اسلام آباد منتقل کردیا گیا ، اسلام آباد پہنچنے پر وائلڈ لائف عملے نے رانو ریچھ کا پھولوں سے استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر کی مادہ ریچھ رانو کو سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔
رانو کو فیصل بیس کراچی سے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے خصوصی پنجرے میں اسلام آباد پہنچایا گیا۔
منتقلی سے قبل ماہرینِ حیوانات نے رانو کی جسمانی، ذہنی اور تربیتی حالت کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے مکمل طور پر فِٹ قرار دیا۔
اسلام آباد پہنچنے پر وائلڈ لائف عملے نے رانو ریچھ کا پھولوں سے استقبال کیا ، اس موقع پر چیف کنزرویٹر جاوید مہر، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ڈاکٹر عامر، سول سوسائٹی کی یوسرا سمی عسکری اور دیگر موجود تھے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور کراچی زو کی مشترکہ ٹیم نے منتقلی کے تمام مراحل کی نگرانی کی تاہم رانو کی رہائش کے لیے مارگلہ وائلڈ ریسکیو سینٹر میں خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق رانو کو قدرتی ماحول میں رکھا جائے گا تاکہ وہ بہتر نگہداشت اور بحالی کے عمل سے گزر سکے۔


