فیصل آباد : فیصل آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کیلئے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے چارجز ساڑھے 6ہزار سے کم کرکے 5ہزارکر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں داخلے کے لئے ریپڈ پی سی آر کی لازمی شرط کے معاملے پر ملک کے اہم ہوائی اڈوں پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے۔
اس دوران فیصل آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کے لیے اچھی خبر آگئی ، ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر کے چارجز ساڑھے 6ہزار سے کم کرکے 5ہزارکر دیے گئے ، جس کے بعد متحدہ عرب امارات جانے والے 5ہزار روپے میں ٹیسٹ کراسکیں گے۔
خیال رہے متحدہ عرب امارات اتھارٹی نے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کیا تھا ، نیا ہدایت نامہ پاکستان، بھارت، نیپال، نائیجیریا، سری لنکا کے شہریوں کے لیے جاری کیا گیا۔
نئے ہدایت نامے میں ٹیسٹ کی ٹائمنگ 4 سے بڑھا کر 6 گھنٹے کردی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ تمام ایئر لائنز نئی ہدایت پر عملدرآمد کی پابند ہوں گی، مسافروں کو یو اے ای آمد سے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، 17 اگست سے یو اے ای آنے والے مسافروں کو ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
بعد ازاں متحدہ عرب امارات آنے والے مخصوص ممالک کے مسافروں کیلئے نئےقوانین کا اعلان کیا تھا ، جس کے تحت مخصوص ممالک کے مسافر تیسرےملک کےذریعےیواےای آسکتے ہیں تاہم وزٹ ویزاپرآنےوالوں کو 14دن کسی اور ملک میں گزارنے ہوں گے ، سہولت پاکستان، نیپال، بھارت،نائیجیریا اور یوگنڈا کے ممالک کیلئے تھی۔