کراچی : زخمی رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل نے رات وینٹی لیٹر کے بغیر پُر سکون گزاری ہے، ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال انجم رضوی کے مطابق رشید گوڈیل کی حالت بدستور خطرے میں ہے، اب بھی ایک گولی پسلیوں میں پھنسی ہوئی ہے۔
اسپتال میں زیرِ علاج عبدالرشید گوڈیل کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے، اسپتال ترجمان کے مطابق انھوں نے رات وینٹی لیٹر کے بغیر پر سکون گزاری جوخوش آئند بات ہے، اسپتال ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ایم کیوایم رہنما رشید گوڈیل کو آج نالی کے ذریعے ہلکی غذا دی ہے۔
عبدالرشید گوڈیل کے اعضاء کام کر رہے ہیں اور وہ اپنےاہل خانہ اور دوست احباب کو پہچان رہے ہیں۔
انجم رضوی نے بتایا رشید گوڈیل کی حالت اس قدر بہتر نہیں کہ پولیس کو بیان ریکارڈ کرواسکیں، ایم کیو ایم رہنماء کو مزید چار دن انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے رہنماء عبد الرشید گوڈیل اپنی گاڑی میں نیو ٹائون سے گزر رہے تھے کہ چار موٹر سائیکلوں پر سوار نو حملہ آوروں نے شناخت کے بعد گولیاں برسا دیں، گولیاں لگنے سے عبدالرشید گوڈیل کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ رشید گوڈیل کے جبڑے ،سینے ، اور گردن میں گولیاں لگیں، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا،عبد الرشید گوڈیل کے ساتھ ان کی اہلیہ اور بیٹا بھی تھے ،جو محفوظ رہے۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، کرائم انوسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ فائرنگ نائن ایم ایم پسٹل سےکی گئی، ساٹ فرانزک رپورٹ کے مطابق گولیوں کے آٹھ خول کی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ ایسی گولیاں پہلے استعمال نہیں کی گئیں۔