متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما رشید گوڈیل آج کراچی میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں، ان کے سیاسی سفر کے بارے میں چند بنیادی باتیں درج ذیل ہیں۔
عبدالرشید گوڈیل کراچی کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ہیں۔ انہیں ایم کیو ایم کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 252 سے انتخاب لڑنے کے لئے منتخب کیا گیا۔ وہ اپنے حلقے میں انتہائی معروف اور ہر دلعزیز ہیں اور دو مرتبہ اسی نشت سے ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر کامیاب ہوچکے ہیں۔
رشید گوڈیل نے این اے 252 سے 91،339 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مخالف پی ٹی آئی کے امیدوار علی حیدر زیدی 49،622 ووٹ لے سکے۔
قومی اسمبلی کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق رشید گوڈیل نے 1 جون 2013 کو قومی اسمبلی کے ممبر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔
رشید گوڈیل کا شمار ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے قریبی اور قابلِ اعتماد رفقاء میں ہوتا ہے اور وہ متحدہ قومی موومنٹ کے دیرینہ کارکنان میں سے ہیں۔ اکثر ٹی وی ٹاک شوز میں بھی رشید گوڈیل اپنی جماعت کا موقف انتہائی سلجھے ہوئے انداز میں پیش کرتے نظر آتے ہیں۔
رشید گوڈیل کراچی میں آج 18 اگست 2015 کو اپنی گاڑی پر ہونےت والے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے اس وقت ان کے ساتھ ان کی اہلیہ اور بیٹا بھی موجود تھے جوکہ معجزانہ طور پر حملے میں محفوظ رہے لیکن ان کے ڈرائیور عبدالمتین جاں بحق ہوگئے۔
حملہ آوروں نے رشید گوڈیل کی گاڑی کی بائیں جانب سے 08 گولیاں چلائی جن میں سے 5 سے 6گولیاں رشید گوڈیل کو لگیں۔
رشید گوڈیل کا کراچی کے لیاقت نیشنل اسپتال میں آپریشن جاری ہے اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔
رشید گوڈیل پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی معروف سیاستدانوں، صحافیوں اوردیگر طبقاتِ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مذمت کی ہے۔