افغانستان کے مایہ ناز اسپنر راشد خان نے پاکستان کے لیجنڈری بلے باز یونس خان کو سب سے بہترین سوئپ شاٹ کھیلنے والا کھلاڑی قرار دیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کی سوال جواب پر مبنی ویڈیو میں راشد خان نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ان کی بہترین صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بہترین شاٹس کھیلنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کیا۔
کور ڈرائیو کے لیے راشد خان نے ویرات کوہلی کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ان جیسی کور ڈرائیو کھیلنے والا کوئی کھلاڑی نہیں۔
پاکستان کے بابراعظم کو کوہلی سے دوسرے نمبر اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو انہوں نے تیسرے نمبر پر رکھا۔
سوئپ شاٹ میں راشد خان نے پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کا نام لیا جب کہ پلُ شاٹ کا بہترین کھلاڑی کیون پیٹرسن اور روہت شرما کو قرار دیا۔
کٹ شاٹ کا بہترین بلے باز انہوں نے آئن مورگن اور ڈاؤن دی گراؤنڈ شاٹ کا بادشاہ سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز کو قرار دیا۔