The news is by your side.

رویندرا جڈیجا ایشیا کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بھی باہر

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے لئے بُری خبر ہے کہ ایشیا کپ سے باہر ہونے والے رویندرا جڈیجا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بھی آؤٹ ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے رویندر جڈیجا آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے، انہیں گھٹنے کی سرجری کرانا ہوگی جس کے باعث وہ غیر معینہ مدت تک کرکٹ کے میدانوں سے دور ہوگئے۔

بی سی سی آئی کے اہم عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بھارتی آل راؤنڈر کی انجری سنگین نوعیت کی ہے، اس سے چھٹکارہ پانے کے لئے بڑی سرجری سے گزرنا ہوگا۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ جڈیجا کو کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کے لئے چھ کم وبیش چھ ماہ درکار ہیں، بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی سے قبل انہیں بحالی کا مکمل پروگرام بھی درکار ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم کو دھچکا، اہم کھلاڑی ایشیا کپ سے باہر

واضح رہے کہ رویندرا جڈیجا نے پاکستان کے خلاف میچ میں 29 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ آل راؤنڈر نے ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں بھی شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 15 رنز دئیے تھے۔

گذشتہ روز رویندرا جڈیجا دائیں گھٹنے میں تکلیف کے سبب ایشیا کپ سے باہر ہوئے تھے، آل راؤنڈر کی جگہ اسپنر اکشر پٹیل کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارتی آل راؤنڈر جولائی میں بھی دائیں گھٹنے میں تکلیف کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے باہر ہوئے تھے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں