(29 ستمبر 2025): راولپنڈی کے علاقے فوجی کالونی میں 13 سالہ لڑکے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، لڑکے کی لاش مکان کی تیسری منز ل کی چھت پر پڑی ملی ہے جسے بے دردی سے قتل کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لڑکے کے گردن اور جسم کے مختلف حصوں پر تشدد اور گہرے زخموں کے نشان ہیں، پیرو دھائی پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا لڑکے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے دن دہاڑے ڈکیتی میں مزاحمت پر باپ کو بچوں کے سامنے بےدردی سے گولیاں مار کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق یہ دردناک واقعہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ، ایم ایم کالونی میں رحمت چوک کے قریب پیش آیا جہاں فائرنگ سے زخمی ہونیوالا شخص موقعے پر ہی چل بسا۔
مقتول کی شناخت 25 سالہ سجاد کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان نے مزاحمت پر بچوں کے سامنے باپ کو قتل کیا، ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہوگئے۔
مقتول سجاد دو بچوں کا باپ اور فیصل آباد کا رہائشی تھا جو چند روز قبل ہی کراچی آیا تھا۔ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔


