جمعہ, فروری 6, 2026
اشتہار

راولپنڈی : شہری سے گاڑی چھین کر فرار ہونے والے 4 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : صدر بیرونی میں شہری سے گاڑی چھین کر فرار ہونے والے چار ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک اور دو فرار ہوگئے، ہلاک ڈاکو ڈکیتی، کار چھیننے کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے صدر بیرونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس نے بتایا کہ کچھ دیر قبل ایک شہری سے گن پوائنٹ پر گاڑی چھین کر فرار ہونے والے بین الاضلاعی ڈکیت و اجرتی قاتل گینگ کا تعاقب کیا جا رہا تھا، کار سنیچنگ کی اطلاع پر صدر بیرونی پولیس نے مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں مقابلہ ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے، ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت یونس، حمید، عاصم خان اور حیدر کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان نہ صرف کار سنیچنگ اور ڈکیتی بلکہ قتل جیسے سنگین مقدمات میں بھی ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھے جبکہ چند روز قبل اسی گینگ نے صدر بیرونی کے علاقے میں فیملی کے ساتھ جانے والے ایک تاجر کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، جس کی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے۔

پولیس نے مقابلے کے دوران کچھ دیر قبل شہری سے چھینی گئی گاڑی، اسلحہ، گولیاں، پچاس ہزار روپے نقدی، شناختی کارڈ اور دیگر اشیاء بھی برآمد کر لی ہیں جبکہ ڈکیت گینگ کے زیر استعمال ایک گاڑی اسلام آباد سے بھی گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس نے قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ، اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔

+ posts

اہم ترین

مزید خبریں