راولپنڈی : سیوریج نالے میں ڈوبنے والا 7 سالہ بچہ تاحال لاپتہ ہے ، ریسکیوٹیموں کا تیسرے روز بھی جاری ہے تاہم ان تک وصال کا صرف ایک جوتا ہی مل سکا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے آئی جے پی روڈ پر کچا اسٹاپ کے قریب کھلی سیوریج لائن میں گرنے والے 7 سالہ معصوم بچے وصال کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیسرے روز بھی بغیر کسی وقفے کے جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ معصوم بچے کو تلاش کرنے کے لیے آپریشن کا دائرہ کار انتہائی وسیع کر دیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اب تک سیوریج لائن کے 8 کلومیٹر طویل راستے پر سرچ آپریشن کر چکی ہیں۔
سرچ آپریشن کو منظم بنانے کے لیے روٹ پر 6 مختلف حساس مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں باریک بینی سے تلاش جاری ہے تاہم ڈوبنے والے وصال کا صرف ایک جوتا ہی مل سکا۔
سیوریج لائنوں کا بہاؤ نالہ لئی کی طرف ہونے کے باعث، انتظامیہ نے اب نالہ لئی کے مختلف مقامات پر بھی سرچ آپریشن شروع کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم وصال کی تلاش کے لیے ہر ممکن سائنسی اور روایتی طریقے استعمال کیے جائیں اور آپریشن کو اس وقت تک جاری رکھا جائے جب تک بچہ مل نہیں جاتا۔ اس سلسلے میں وسائل کی کوئی کمی آڑے نہیں آنی چاہیے۔
خیال رہے وصال آئی جے پی روڈ کچا اسٹاپ کی سیوریج لائن میں ڈوب گیا تھا۔


