راولپنڈی(13 فروری 2026): ضلعی انتظامیہ نے سخت فیصلہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان میں گراں فروشی پر جرمانہ نہیں اب براہِ راست جیل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران منافع خوری اور گراں فروشی کرنے والے تاجروں کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔
راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب اوور چارجنگ پر صرف جرمانہ نہیں ہوگا بلکہ دکان سیل کر کے تاجر کو تین دن کے لیے جیل بھیج دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں تاجر نمائندوں کو واضح کر دیا گیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تاجر کو فوری طور پر حراست میں لے کر تین دن کے لیے قید کیا جائے گا۔
دوسری جانب تاجر تنظیموں نے اس فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ انہیں ہول سیل ریٹ پر اشیائے خورونوش فروخت کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔
اس صورتحال پر لائحہ عمل طے کرنے کے لیے تاجر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس میں انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا قوی امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


