راولپنڈی : بھائی نے اپنے سگے بڑے بھائی اور 3 سالہ بیٹے کو قتل کر دیا تاہم پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں دوہرے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنے سگے بڑے بھائی اور 3 سالہ بیٹے کو قتل کر دیا اور واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ قتل ہونے والوں کی شناخت شیر باز خان اور اس کے تین سالہ بھتیجے عبدالاحد کے نام سے ہوئی ہے تاہم لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزم عاشق حسین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واقعے کے بعد مقتول کے بھائی گلبہار خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم عاشق حسین راولپنڈی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا اور گزشتہ رات اپنے بیٹے عبدالاحد کے ساتھ روات آیا۔
گلبہار خان نے بیان میں کہا آدھی رات کے قریب عاشق حسین نے پہلے اپنے بڑے بھائی شیر باز پر فائرنگ کی اور پھر اپنے ہی تین سالہ بیٹے پر گولیاں چلائیں، جس سے دونوں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کو شک تھا کہ اس کی بیوی اور مقتول بھائی کے درمیان ناجائز تعلقات ہیں، جس پر اس نے انتہائی قدم اٹھایا تاہم پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔


