راولپنڈی : وفاقی وزیر شیخ رشید نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا کہ مودی نے کوئی گھناؤنہ کھیل کھیلا تو پنڈی کی عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی لال حویلی کا باہر یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے لوگوں کا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے بچے بچے کے ساتھ ہیں، لال حویلی کا رشتہ کشمیر کے لال چوک تک کشمیریوں کے ساتھ محبت کا ہے۔
شیخ رشید نے بھارتی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے کوئی گھناؤنہ کھیل کھیلا تو پنڈی کے لوگ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
وزیر ریلوے نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پڑھے لکھے لوگوں کا شہر ہے، راولپنڈی کےعلاوہ پنجاب میں ایسا کوئی شہر نہیں جہاں 2 یونیورسٹیاں ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں وزارت کا بھوکا نہیں ہوں لیکن عزت کا بھوکا ضرور ہوں، راولپنڈی علم کی روشنی اور غیرت کا شہر ہے۔
شیخ رشید نے وزیر اعظم سے متعلق کہا کہ عمران خان سے میرا محبت کا رشتہ ہے، خان صاحب کے سامنے اسد عمر کو واپس لاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ آٹا گھی مافیا کا ٹولہ ہے انہوں نے کبھی ووٹ نہیں دیا، اقتدار کا وقت کا پتہ نہیں چلتا کہ کیسے گزر جاتا ہے، احساس ہے کہ آج غریب بجلی، گیس کا بل نہیں دے سکتا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے مزید کہا کہ آنے والے برسوں میں پاکستان چین کے ساتھ مضبوط دیوار کی طرح کھڑا ہوگا۔