راولپنڈی (02 اکتوبر 2025): راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، قاتل نے پولیس کے ہمراہ آنے والے مقتول کے والد اور بھائی کو بھی گولیوں سے بھون ڈالا۔
تھانہ پیر ودھائی کے علاقے محلہ صفدر آباد میں ایک باپ کو دو بیٹوں سمیت قتل کر دیا گیا، مقتول احتشام کے والد اور بھائی پولیس کی تفتیشی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس سے مقتول کا باپ اور بھائی بھی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سفاک ملزم کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہو گئے ہیں، فائرنگ کے واقعے سے ایک روز قبل 25 سالہ احتشام کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا، جب پولیس تفتیش کے لیے پہنچی تو ملزم نے کلاشنکوف سے فائرنگ کر دی، جس سے باپ بیٹا موقع پر جاں بحق اور دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔
فوٹیجز: سول اسپتال میں غیر متعلقہ افراد کی بدمعاشی، سینئر ڈاکٹرز اور اسٹاف پر تشدد کا انکشاف
تفتیش کے لیے جانے والی پولیس ٹیم میں مقتول کا باپ بیٹا، پولیس اہلکار اور تفتیشی افسر شامل تھے، ڈی ایس پی سٹی ایس ایچ او تھانہ پیر ودھائی پولیس واقعے کے بعد موقع پر پہنچی۔ فائرنگ سے قتل ہونے والے باپ کی شناخت چوہدری سرور اور بیٹے کی شناخت علی واحد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزم چوہدری سلمان کے نام سے ہوئی ہے، 25 سالہ احتشام کو بے دردی سے قتل کیے جانے کا مقدمہ تھانہ پیرودھائی میں درج کر دیا گیا ہے، اور پولیس جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ گھریلو تنازعے اور غیرت کے نام کا لگتا ہے، جب کہ زخمی پولیس اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، ان میں انسپیکٹر مرزا عارف اور کانسٹیبل نعمت اللہ شامل ہیں۔


