راولپنڈی(24 مئی 2026): تھانہ سول لائن کی حدود گلستان کالونی میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک شہری کے گھر میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور لوٹ مار کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہے، جس کے بعد ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔
متاثرہ شہری مظہر اقبال نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی کو کارروائی کے لیے درخواست دے دی ہے۔
درخواست میں شہری نے موقف اختیار کیا ہے کہ تھانہ سول لائن کے اے ایس آئی شکور سمیت 12 سے 14 پولیس اہلکار، جن میں سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار اور لیڈی کانسٹیبلز بھی شامل تھیں، بغیر کسی سرچ وارنٹ کے ان کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے۔
شہری کا الزام ہے کہ پولیس ٹیم نے گھر میں داخل ہوتے ہی ڈی وی آر اور سیکیورٹی کیمرے توڑ دیے، گھر میں موجود خواتین کو ہراساں کیا اور 5 لاکھ روپے نقد سمیت دو سونے کی انگوٹھیاں لوٹ کر فرار ہو گئے۔
تاہم گھر میں نصب ایک خفیہ کیمرے نے پولیس اہلکاروں کی تمام کارروائی کو ریکارڈ کر لیا، جس میں اہلکاروں کے داخل ہونے کی ویڈیو کے ساتھ ساتھ ان کی آڈیو ریکارڈنگ بھی سامنے آئی ہے۔
درخواست میں متاثرہ شہری نے مزید بتایا کہ ان کی اپنے ہمسایوں کے ساتھ مقدمے بازی چل رہی ہے اور پڑوسیوں کو ان کے گھر لگے سی سی ٹی وی کیمروں پر اعتراض تھا۔
پولیس اہلکاروں نے پڑوسیوں کی ایما پر یہ کارروائی کی، پہلے کیمرے توڑے اور پھر گھر والوں کو سنگین دھمکیاں دیں۔ شہری نے آر پی او راولپنڈی سے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


