راولپنڈی : پنجاب حکومت نے شیخ رشید کی دھمکی کے بعد لال حویلی کے اطراف لگے ہوئے کنٹینر ہٹا دیئے، مری روڈ پر میٹرو بس سروس کی لائٹس بندکردی گئیں، بجلی بند ہونے سے سڑک اندھیرے میں ڈوب گئی۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی کے راستے سیل کرنے پر حکومت کو الٹی میٹم دیا تھا اور وزیر اعلیٰ پجناب شہبازشریف کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا راستہ نکالیں گے کہ یاد رکھو گے۔ جس کے بعد پنجاب حکومت نے عوامی مسلم لیگ کی ریلی کو راستہ دینے کیلئے سڑکوں پر رکھے گئے کنٹینر ہٹا دیئے۔
اطلاعات ہیں کہ مری روڈ پر میٹرو بس سروس کی لائٹس بند کردی گئیں، بجلی بند ہونے سے سڑک اندھیرے میں ڈوب گئی۔
شیخ رشید نے لال حویلی سے باہر آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انتظامیہ نے کیبل اور ہماری بجلی بند کردی ہے، مشعل کی روشنی میں ریلی نکالیٰں گے لیکن ریلی کا روٹ ہرگز تبدیل نہیں ہوگا مقررہ روٹ سے ہی گزر کر مقام پر پہنچیں گے۔
شیح رشید کا حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہنا تھا کہ صورت حال کو دما دم مست کی طرف نہ لے کرجاؤ، راستےنہ کھولے گئے تو اسلام آباد آجائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ روک سکو توروک لو،ہم رکنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، یہ کنٹینر ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔
انہوں نے کنٹینرز کو پار کرنے کا طریقہ بھی بتا دیا، شیخ رشید نے کہا کہ پنڈی کو کنٹینرز کا شہربنا دیا گیا۔ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ ہمارے روٹ سے کنٹینر ہٹادیے جائیں اور ہمیں انتہائی اقدام پر مجبور نہ کیا جائے۔
ہم صبح سے بھیک مانگ رہے ہیں لیکن پنجاب حکومت نہیں مان رہی، تاجر پھنسے ہوئے ہیں، ایمبولینسیں پھنسی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے تو کوئی بات نہیں،میرے مرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ایک اور نیا ایم پی اے آجائے گا، مسئلہ کسی بڑے آدمی کےمرنے سے ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے پرامن رہیں گے ہم جان دے کر بھی اس ملک میں امن قائم رکھیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے لال حویلی کے اطراف میں کنٹینر لگا کر اسے سیل کردیا گیا تھا۔