راولپنڈی(2 دسمبر 2025): لڑکی کے بال کاٹنے کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے بال کاٹنے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں لڑکی کے بال کاٹنے کے واقعے میں پیشرفت ہوئی ہے، خاتون کے بال کاٹنے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جس میں انیس درانی، جلیل خان اور خاتون شامل ہیں۔
اس واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا تھا، متاثرہ خاتون کا ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا، بال کاٹنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزمان روپوش ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد اپنے دائیں ہاتھ میں قینچی پکڑ کر بے دردی کے ساتھ ایک لڑکی کے بال کاٹ رہا ہے اور قریب موجود کوئی بھی شخص انھیں نہیں روک رہا۔
یہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد متعدد صارفین نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔


