لاہور: راولپنڈی فرنچائز نے پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن سے قبل اپنے نئے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ فرنچائز کو اب نئے نام ’پنڈیز‘ سے جانا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق راولپنڈی فرنچائز کی جانب سے یہ اعلان ایک ویڈیو کے ذریعے کیا گیا جس میں شہر کے مشہور مقامات کو نمایاں کیا گیا اور پس منظر میں پرجوش موسیقی کو شامل کیا گیا۔
ویڈیو کے ساتھ پیغام دیا گیا کہ ٹیم بااعتماد، چیلنج قبول کرنے والی اور کھیل کا انداز بدلنے کے لیے تیار ہے۔ ساتھ ہی فرنچائز نے جلد آفیشل لوگو جاری کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی فرنچائز کو حال ہی میں ولی ٹیکنالوجیز نے لاہور کے ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نیلامی میں 2 ارب 45 کروڑ روپے میں حاصل کیا تھا۔ کمپنی کے مالک احسن طاہر نے فرنچائز کو راولپنڈی سے منسوب کرتے ہوئے نیا نام دینے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ یہ فرنچائز پہلے ’ملتان سلطانز‘ کے نام سے جانی جاتی تھی، تاہم سابق مالک علی ترین نے گزشتہ سیزن کے بعد ملکیت کا معاہدہ تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے بعد پی سی بی نے عارضی طور پر فرنچائز کے معاملات سنبھالے۔
دی ہنڈرڈ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو نکالنا ’’شرم کا مقام‘‘ ہوگا، انگلش کپتان
پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک کھیلا جائے گا، جس میں 8 ٹیمیں زور آزمائی کریں گی، اس دوران 2 نئی فرنچائزز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔


