راولپنڈی مال روڈ میں فائرنگ کرنے میں ملوث ہلاک دہشت گرد محمد حسین کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آگئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہلاک دہشت گرد محمد حسین پی ٹی آئی کا سرگرم کارکن تھا اور وہ جماعت کی جملہ قیادت سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان کی ہدایات پر عمل کرتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاجی دھرنوں کے دوران ہلاک دہشت گرد محمد حسین اشتعال انگیزی، پتھراؤ اور فائرنگ میں بھی ملوث رہا ہے۔
احتجاجی دھرنوں کے دوران محمد حسین سیکیورٹی فورسز کو اسلحہ کے ذریعے نشانہ بناتا تھا، جبکہ دہشت گرد کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا تھا کہ تشدد کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، پی ٹی آئی کے لوگ تمام تر احتجاج میں اسلحےسے لیس ہو کر آئے، یہ پرامن احتجاج پر یقین ہی نہیں رکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنڈی مال روڈ فائرنگ کے واقعے نے سب کی آنکھیں کھول دی ہیں اور بہت سی چیزیں سامنے آگئی ہیں ، پی ٹی آئی کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا اور امن وامان تباہ کرنا ہے۔


