پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ٹی او آرز کے معاملے پر حکومت سنجیدہ نہیں تو رمضان المبارک کے بعد سڑکوں پر آنے کی تیاری کریں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں پاناما ہنگاما کے ٹی آو آرز کمیٹی پرتبادلہ خیال کے لئے بنی گالہ میں اجلاس ہوا،اجلاس میں ٹی او آرز کے معاملے پر مشاورت ہوئی، اجلاس میں نعیم الحق، فیصل جاوید حسین و دیگر شریک ہوئے۔
قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی رہنما شاہ محمود قریشی نے پانامہ لیکس کی تحقیقات میں ڈیڈ لاک سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کوتفصیلی آگاہ کر دیا، ملاقات کے دوران حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ مل کر آئندہ اجلاس کی تیاری پر اتفاق کیا گیا ہے۔
رہنماء تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ پارلیمانی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پر پارٹی سربراہ عمران خان کو تفصیلی آگاہ کر دیا،دونوں رہنماؤں کے درمیان بنی گالا میں ملاقات ہوئی جہاں پانامہ تحقیقات میں حائل ڈیڈ لاک پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس میں کمیٹی کے بائیکاٹ کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے طے کیا گیا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ مل کر آئندہ اجلاس کی تیاری پرغور کیا جائے،دونوں رہنماؤں نے پانامہ لیکس کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے پر بھی مکمل اتفاق کیا۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف پانامہ لیکس پر وسیع تر اتفاقِ رائے سے لائحہ عمل کی تیاری چاہتی ہے،تحریک انصاف کو تنہا کرنے کی حکومتی خواہش سے بخوبی آگاہ ہیں،تاہم حکومت کی جانب سے حزب اختلاف میں پھوٹ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
دوسری جانب عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوکت خانم پرعوام کےاعتماد پر شکرگزار ہوں، گزشتہ رات شوکت خانم کےلئےفنڈریزنگ میں ساڑھے12کروڑروپے جمع کئے۔