تازہ ترین

زندگی کے لیے ضروری اس نعمت کی حفاظت کریں

پانی زندگی کا ضامن ہے۔ زندگی پنپنے کے لیے جتنا ضروری پانی ہے، اتنی ضروری اور کوئی شے نہیں۔ لیکن بدقسمتی سے ہم اس وسیلے کی اہمیت کا اندازہ کرنے کے بجائے اسے ایسے بے دردی سے خرچ کرتے ہیں جیسے یہ ہمیں وافر مقدار میں میسر ہے۔

گو کہ زمین کا 70 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے، لیکن یاد رہے کہ اس 70 فیصد میں سے صرف 2 فیصد پانی اس قابل ہے جو دریاؤں کی شکل میں پینے کے قابل ہے، بقیہ پانی سمندروں کے نمکین پانی پر مشتمل ہے جسے پیا نہیں جاسکتا۔

یاد رکھیں جس وقت ہم برش کرتے ہوئے پانی کا نلکا کھول کر رکھتے ہیں اور کئی لیٹر پانی ضائع کردیتے ہیں، عین اسی وقت غیر ترقی یافتہ ملک میں کئی کمسن بچے پانی کی کمی کے باعث ہلاک ہوجاتے ہیں۔

اگر زمین پر زندگی کا وجود باقی رکھنا ہے تو اس کے لیے پانی کی حفاظت کرنا بھی ضروری ہے۔ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں چھوٹے چھوٹے اقدامات کر کے بہت سا پانی ضائع ہونے سے بچا سکتے ہیں۔ آئیں جانتے ہیں کیسے؟


باتھ روم میں کم پانی

ہمارے بیت الخلا میں نصب کیے جانے والے پرانے اقسام کے فلش سسٹم زیادہ پانی کا اخراج کرتے ہیں۔ ان کی جگہ نئے فلش سسٹم نصف پانی استعمال کرتے ہیں۔

اپنے باتھ روم کے کموڈ میں کبھی بھی ٹشو پیپر، روئی یا کاغذ وغیرہ مت پھینکیں۔ انہیں بہانے کے لیے زیادہ پانی درکار ہوگا، علاوہ ازیں یہ سیوریج کی لائن کو بلاک کرنے کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔


لیکج کا خیال رکھیں

باتھ روم، کچن اور دیگر جگہوں پر نصب پانی کے نلکوں کی لیکج کا خیال رکھیں۔ اگر نلکے کہیں سے لیک ہو رہے ہوں تو انہیں فوری طور پر ٹھیک کروائیں۔

لیک ہونے والے نلکے سے پانی قطرہ قطرہ بہتا ہے جو بظاہر کچھ نہیں لگتا، لیکن ماہانہ اس پانی کی مقدار کئی سو لیٹر تک بن سکتی ہے۔


نہانے کے دوران

نہانے، بچوں یا پالتو جانوروں کو نہلانے کے لیے شاور کے بجائے بالٹی یا ٹب استعمال کرنا کئی لیٹر پانی بچا سکتا ہے۔ کھلے شاور کے نیچے 15 منٹ تک نہانا، اور پانی سے بھرے ٹب سے 15 منٹ نہانے میں نصف پانی کی بچت ہوسکتی ہے۔

برش کرتے ہوئے اور صابن لگاتے ہوئے پانی کا نلکا کھلا چھوڑنے کے بجائے بند کریں۔ اس طریقے سے آپ 10 سے 15 لیٹر پانی کی بچت کرسکتے ہیں۔


کچن میں پانی کا استعمال

اسی طرح کچن میں بھی آپ پانی کے غیر ضروری استعمال کو کم کرسکتے ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کو نلکے کے نیچے دھونے کے بجائے پانی سے بھرے برتن میں دھوئیں۔

برتن دھوتے ہوئے کم پانی استعمال کریں۔ نلکا اسی وقت کھولیں جب پانی استعمال ہورہا ہو، ڈش واشر لگاتے ہوئے نلکے کو بند رکھیں۔


کار دھونے کے لیے

کار دھونے کے لیے پانی کے پائپ کے بجائے ڈرم یا بالٹی میں پانی استعمال کریں۔ اس طریقے سے آپ بہت سا پانی بچا سکتے ہیں۔


پودوں کو پانی دیتے ہوئے

یورپ میں اکثر گھروں میں کچن کا استعمال ہونے والا پانی خود بخود گارڈن میں لگے پودوں اور درختوں کو چلا جاتا ہے یوں باغبانی کے لیے اضافی پانی کی ضرورت نہیں پڑتی۔

سبزیاں، چاول یا دالیں وغیرہ دھونے کے لیے استعمال کیا جانے والا پانی گھر میں لگے پودوں کی افزائش میں اضافہ کرے گا چنانچہ انہیں پھینکنے کے بجائے پودوں کو دینے کے لیے استعمال کریں۔


بارش کا پانی جمع کریں

بارش کا پانی بھی آپ کے پودوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ بارش کے دنوں میں بارش کا پانی ڈرم میں جمع کر کے رکھا جاسکتا ہے جسے بعد میں پودوں کو دیا جاسکتا ہے۔ اس پانی سے کار بھی دھوئی جاسکتی ہے۔


پانی کی اہمیت اجاگر کریں

پانی کی حفاظت کرنے کے ساتھ ساتھ گھر کے دیگر افراد میں بھی پانی کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ چھوٹے بچوں کو پانی کی اہمیت بتائیں اور پانی کے کم استعمال کے حوالے سے ان کی تربیت کریں۔ اسی طرح ملازمین کو بھی کم پانی استعمال کرنے کی ہدایت دیں۔

گھر کے دیگر افراد کو بھی بتائیں کہ پانی کو اتنا ہی استعمال کیا جائے جتنی ضرورت ہو، غیر ضروری طور پر پانی بہانے سے گریز کیا جائے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -