لاہور : معروف پاکستانی اداکارہ ریما بھی پاکستان سپر لیگ ٹو کا فائنل دیکھنے کے لیے امریکا سے لاہور پہنچ گئیں۔
تفصیلات مطابق لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کو دیکھنے کے لیے جہاں حکومتی، سیاسی، سماجی شخصیات اور عوام الناس بے چین نظر آتے ہیں وہیں شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی دلچسپی کا محور بھی بن گیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کی معروف فلمی ہیروئن ریما بھی پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لیے امریکا سے لاہور پہنچ گئی ہیں وہ فائنل میچ میں پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گی۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی، اداکارہ ریما نے کہا کہ پشاور زلمی کی سپورٹر ہوں اور ملک دشمنوں کو ناکام کرنے اور اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے لاہور آئی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فائنل کا انعقاد دشمن ممالک کے لیےبہت بڑا پیغام ہے پاکستان کودنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سےنہیں روک سکتی اور لاہورمیں فائنل کا انعقاد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب اچھا اقدام ہے۔
انہوں نے پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں انعقاد کروانے کو پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت کی بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر دہشت گردوں کو جواب دینے کی ضرورت ہے۔